لوگوں کو مار دیا لیکن بھٹو ابھی تک زندہ ہے: عمران خان

Tax amnesty a slap on honest Pakistanis: Imran
Tax amnesty a slap on honest Pakistanis: Imran

:حیدرآباد

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے پیپلز پارٹی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ لوگوں کو مار دیا لیکن بھٹو ابھی تک زندہ ہے۔

حیدرآباد میں تحریک انصاف کی ممبر سازی مہم سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ بھٹو تو عظیم آدمی تھے لیکن ہم نے زرداری کو سیاسی طور پر زندہ نہیں رہنے دینا۔

ان کا کہنا تھا کہ زرداری اژدھا بن کر لوگوں کا خون چوس رہا ہے، وہ چلنے سے بھی قاصر ہے لیکن پھر بھی اس کا پیٹ نہیں بھرتا۔

انہوں نے مزید کہا کہ سب سے زیادہ غربت اندرون سندھ میں ہے، اندرون سندھ میں نائیجریا سے بھی زیادہ غربت ہے۔

چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ سندھ میں ظالمانہ نظام ہے اور زرداری مافیا سندھ دھرتی کا خون چوس رہی ہے، زرداری نے سندھ کے ساتھ جو کیا وہ کوئی دشمن بھی نہیں کر سکتا۔

یہ لوگ پولیس کے ذریعے لوگوں کو مرواتے ہیں اس لیے وہ ان کے سامنے کھڑے نہیں ہوتے لیکن جب تک آپ اپنے حالات بدلنے کا فیصلہ نہیں کریں گے اس وقت تک حالات نہیں بدلیں گے۔

انہوں نے کہا کہ زرداری سے سب ڈرتے ہیں اور مجھے آئندہ الیکشن میں زرداری مافیا کو شکست دینی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ مافیا ہر ساڑھے چار سال بعد آ جاتا ہے اور بھٹو زندہ ہے کا نعرہ لگاتا ہے، لوگوں کو مار دیا لیکن بھٹو اب بھی زندہ ہے۔

قبل ازیں چیئرمین تحریک انصاف نے سماجی رابطوں کی سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ حکومت کی مدت کے خاتمے سے 45 اور بجٹ سے محض 14 دن قبل وزیراعظم کو اس اسکیم کی کیا ضرورت پیش آگئی۔

عمران خان نے کہا کہ وزیر اعظم کا دعویٰ ہے کہ یہ اسکیم سیاستدانوں کے لئے نہیں جبکہ دستاویز میں “سرکاری افسران اور عوامی عہدوں کے حامل افراد” درج ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس اسکیم کے پیچھے کارفرما سوچ وزیراعظم کی جانب سے جان بوجھ کر پھیلائی جانے والی بدگمانی سے واضح ہے۔

چیئرمین تحریک انصاف حیدرآباد کے دورے پر ہیں جہاں پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا کہ سندھ میں لوگوں پر ظلم ہو رہا ہے، آصف زرداری، ان کی بہن اور وزیر یہاں کے عوام پر ظلم کر رہے ہیں، جتنی غربت اس صوبے میں ہے اتنی پورے ملک میں نہیں، وفاق کے بعد اب سندھ میں “کیوں نکالا” شروع کریں گے۔

چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ قوم پر قرضے بڑھ رہے ہیں اور حکمران معاہدے خفیہ رکھ رہے ہیں، ملک میں قانون مجرموں کے لئے بنائے جاتے ہیں اور دنیا بھر میں کہیں ایسے قانون پاس نہیں ہوتے جیسے یہاں ہوتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ منی لانڈرنگ کی وجہ سے قرضے بڑھتے جارہے ہیں اور منی لانڈرنگ میں آصف زرداری، نواز شریف اور خواجہ آصف سب ملوث ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ سارے پنجاب کا بجٹ صرف ایک آدمی شہباز شریف خرچ کرتا ہے، سندھ میں ایسی لوٹ مار ہے کہ اس کی مثال دنیا میں نہیں ملتی،دونوں صوبوں میں نیب سے ڈرتے ہیں، ہم نیب کو خیبرپختونخوا میں دعوت دیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نیب کو سونامی بلین ٹری منصوبے سمیت ہیلی کاپٹر ایشو پر تحقیقات کی دعوت دیتا ہوں، ایک ایک اثاثے کی چھان بین کرائی اور سپریم کورٹ نے صادق اور امین قرار دیا۔

چیئرمین تحریک انصاف کا مزید کہنا تھا کہ سندھ کے لوگ پیپلز پارٹی سے جان چھڑانے کے لئے فیصلہ کرچکے ہیں، اب بھٹو زندہ ہے کے نعرے میں لوگ نہیں آئیں گے اور سندھ میں نئی صبح آنے والی ہے۔

جواب چھوڑ دیں

Please enter your comment!
Please enter your name here