کراچی میں تیز گرد آلود ہوائیں، مختلف واقعات میں 3 افراد جاں بحق، 20 زخمی

Sharp dusty strom in Karachi, 3 killed in separate incidents, 20 injured
Sharp dusty strom in Karachi, 3 killed in separate incidents, 20 injured

کراچی کے مختلف علاقوں میں تیز گرد آلود ہواؤں کا سلسلہ جاری ہے جب کہ مختلف حادثات و واقعات میں 2 بچیوں سمیت 3 افراد جاں بحق اور 20 زخمی ہوگئے۔

شہر قائد کے مختلف علاقوں میں گرد آلود تیز جھکڑ چلنے سے مختلف علاقوں میں دیواریں، چھتیں، کھمبے اور درخت گرنے کے واقعات پیش آئے، کورنگی، لانڈھی، ملیر، لیاری، پی ای سی ایچ ایس، پیپلز چورنگی ، سرجانی ٹاون میں بھی حادثات رونما ہوئے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق پیپلز چورنگی کے قریب درخت گرنے سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا جب کہ حاجی مرید گوٹھ میں گھر کی چھت گرنے سے 5 سالہ بچی چل بسی۔

اسی طرح ٹیپو سلطان سگنل کے قریب اسکول کی چھت گرنے سے 5 طالبعلم زخمی ہوگئے جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا۔

ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ لانڈھی تین نمبر میں گھر کی دیوار کا حصہ گر گیا جس کی زد میں آکر  2 افراد زخمی ہوئے، سرجانی ٹاؤن سیکٹر 7 ڈی میں گھر کی چھت کا حصہ گرنے سے 2 افراد زخمی ہوئے۔

لیاری چاکیوڑا میں مدرسے کی چھت گر گئی جب کہ تیز جھکڑ سے جامع مسجد فش ہاربر کی عارضی چھت اڑ گئی جس سے مؤذن زخمی ہوگیا جسے اسپتال منتقل کردیا گیا۔

تیز ہواؤں کے باعث بجلی کے تار ٹو ٹنے سے کئی علاقوں میں بجلی غائب ہوگئی جب کہ فون لائن اور انٹر نیٹ سروس بھی متاثر ہے۔

کے الیکٹرک نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ بجلی کے ٹوٹے ہوئے تاروں، کھمبوں اور پی ایم ٹیز سے دور رہیں اور برقی آلات کا استعمال گیلے ہاتھوں کے ساتھ نہ کریں۔

دوسری جانب فضا میں دھول مٹی کے باعث حد نگاہ کم ہوگئی جس کے باعث پروازیں بھی تاخیر کا شکار ہیں۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ہے، زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔

ڈائریکٹر محکمہ موسمیات سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ کل رات گرد و غبار کا طوفان توقع سے زیادہ تھا جس کے دوران ہوائیں 65 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلیں۔

سردار سرفراز کا مزید کہنا تھا کہ مغربی ہواؤں کا سسٹم شہر میں موجود ہے جو کل شام تک نکل جائے گا تاہم آج بھی ہواؤں کی رفتار زائد رہے گی۔

دوسری جانب بارش برسانے والا سسٹم ایران سے گزشتہ رات بلوچستان میں داخل ہوا جس کے بعد کوئٹہ، کوہلو، اورماڑہ، چمن، زیارت، جیوانی، دُکّی،گوادر میں شدید بارش ہوئی۔

کئی علاقوں میں بجلی کے کھمبے گرنے سے بجلی کی فراہمی معطل ہے جب کہ سیلاب کے باعث ہرنائی کا ملک بھر سے زمینی رابطہ منقطع ہوگیا۔

جواب چھوڑ دیں

Please enter your comment!
Please enter your name here