سینیٹ الیکشن: فاروق ستار کا ٹیکنوکریٹ نشست پر مشاہد حسین سید کی حمایت کا اعلان

Senate Elections: Farooq Sattar announces support for Mushahid Hussain Syed on technocrat seat
Senate Elections: Farooq Sattar announces support for Mushahid Hussain Syed on technocrat seat

:اسلام آباد

متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے رہنما فارق ستار نے سینیٹ الیکشن میں ٹیکنوکریٹ نشست پر مسلم لیگ (ن) کے حمایت یافتہ امیدوار مشاہد حسین سید کی حمایت کا اعلان کردیا۔

مسلم لیگ (ن) کے وفد سے ملاقات کے بعد مشاہد حسین سید کے ہمراہ میڈیا سے بات کرتے ہوئے فاروق ستار نے ازراہ مذاق کہا کہ ‘مشاہد حسین سید اس وقت آزاد امیدوار ہیں، اس طرح ہمارے لیے بھی آسانی ہوگی اور ہوسکتا ہے کہ سینیٹر بننے کے بعد شاید وہ ایم کیو ایم پاکستان میں شمولیت اختیار کرلیں’۔

ساتھ ہی ان کا کہنا تھا کہ مشاہد حسین کی جیت کے بعد وہ اپنی پارٹی میں ایک چیپٹر بنادیں گے، جس کا نام ایم کیو ایم پاکستان مسلم لیگ (ن) سینیٹر ہوگا، جس کی سربراہی مشاہد حسین سید کریں گے۔

فاروق ستار کا مزید کہنا تھا کہ ‘یہ حمایت اس لیے نہیں کی جارہی کہ یہ سی پیک کو دیکھ رہے ہیں اور ہمیں چین کے ویزے چاہئیں، بلکہ اس لیے ہے کیونکہ یہ ایک اہم اور قومی منصوبہ ہے’۔

فاروق ستار کا مزید کہنا تھا کہ ‘ووٹ ووٹ ہونا چاہیے، اس کے ساتھ نوٹ نہیں آنا چاہیے’۔

ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما نے کہا کہ سینیٹ امیدوار اسد جونیجو بھی ہم سے اچھی امید رکھیں۔

ساتھ ہی ان کا کہنا تھا کہ باقی جماعتیں ساتھ دیں تو قومی ایجنڈے کا اعلان کریں گے۔

فاروق ستار کا مزید کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کی اصل آزمائش سندھ میں ہے، جو اراکین سندھ میں ووٹ ڈالیں ان کا ووٹ پارٹی پالیسی کے مطابق جانا چاہیے۔

فاروق ستار نے ارکان سندھ اسمبلی کو آج پی آئی بی طلب کرلیا

دوسری جانب فاروق ستار نے سینیٹ انتخابات کو حتمی شکل دینے کیلئے اراکین سندھ اسمبلی کو آج پی آئی بی طلب کرلیا۔

ڈاکٹر فاروق ستار کی سربراہی میں ایم کیوایم کے ایک گروپ کا اجلاس ہوا جس میں سینیٹ انتخابات کی تیاریوں اور اس حوالے سے حکمت عملی بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ خواجہ سہیل منصور کی سربراہی میں سید علی رضا عابدی اور شیخ صلاح الدین پر مشتمل ایم کیوایم کا تین رکنی وفد مسلم لیگ (ن) کے عہدیداران سے ملاقات کرے گا جس میں سینیٹ انتخابات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

ایم کیوایم پی آئی بی گروپ کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار نے سینیٹ انتخابات کو حتمی شکل دینے کے لیے پارٹی کے اراکین سندھ اسمبلی کو آج شام پی آئی بی طلب کرلیا جہاں مشاورت کے بعد سینیٹ انتخابات سے متعلق حتمی لائحہ عمل کا اعلان بھی کیا جائے گا۔

جواب چھوڑ دیں

Please enter your comment!
Please enter your name here