پولارڈ کی جارحانہ اننگز رائیگاں، اسلام آباد نے پلے آف کیلئے کوالیفائی کرلیا

Pollard's 73 in vain as United qualify for playoffs
Pollard's 73 in vain as United qualify for playoffs

:شارجہ

لیوک رونکی اور ایلکس ہیلز کی شاندار بیٹنگ کی بدولت اسلام آباد یونائیٹڈ نے ملتان سلطانز کو پاکستان سپر لیگ کے 25ویں میچ میں شکست دے کر پلے آفس میں جگہ بنالی۔

شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں اسلام آباد کے 186 رنز کے تعاقب میں ملتان کی بیٹنگ لائن ابتداء ہی سے مشکلات کا شکار تھی۔

ملتان کے پہلے آؤٹ ہونے والے بیٹسمین کمار سنگاکارا تھے جو سمیت پیٹل کی گیند کو گراؤنڈ سے باہر نکالنا چاہتے تھے تاہم اسکوائر لیگ پر فیلڈر کو کیچ دے بیٹھے۔

اگلی کی گیند پر سیف بدر بھی آؤٹ ہوگئے جو سمیت پیٹل کی سیدھی گیند سمجھنے سے قاصر رہے اور ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔

اس کے بعد بھی ملتان کی وکٹیں گرنے کا سلسلہ نہ تھم سکا اور 3 جبکہ صہیب مقصود 13 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔

کپتان شعیب ملک بھی 12 رنز بناکر شاداب خان کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔

شعیب ملک کے آؤٹ ہونے کے بعد کریز پر روس رائیٹلی آئے جنہوں نے پولارڈ کے ساتھ مل کر 40 رنز کی شراکت قائم کی تاہم 11 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔

اسلام آباد کی ٹیم اس موقع پر پوری طرح حاوی دکھائی دے رہی تھی تاہم کیرون پولارڈ کی شاندار اننگز نے میچ کو دلچسپ بنادیا۔

انہوں نے 43 گیندوں پر 73 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جس کے دوران انہوں نے 5 چھکے اور 6 چوکے لگائے تاہم اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کروانے میں ناکام رہے۔

پولارڈ کے آؤٹ ہونے کے بعد ملتان کے اختتامی بلے باز بھی کوئی خاص کارکردگی نہ دکھا پائے اور پوری ٹیم 20ویں اوور میں 152 رنز بناکر آل آؤٹ ہوگئی۔

اسلام آباد کی جانب سے شاداب خان، سمیت پٹیل، فہیم اشرف اور عماد بٹ نے دو،دو جبکہ محمد سمیع نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

اس سے قبل لیوک رونکی کی جارحانہ نصف سنچری کی بدولت اسلام آباد یونائیٹڈ نے ملتان سلطانز کو جیت کے لیے 186 رنز کا ہدف دیا۔

 اسلام آباد کو اوپنر لیوک رونکی نے جارحانہ آغاز فراہم کیا تاہم 46 کے مجموعی اسکور پر جے پی ڈومنی 12 گیندوں پر 6 رنز بناکر رن آؤٹ ہوگئے۔

دوسرے آؤٹ ہونے والے بلے باز لیوک رونکی تھے جو 36 گیندوں پر 58 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلنے کے بعد عمران طانر کی گیند پر نشانہ بنے۔

رونکی کے آؤٹ ہونے کے بعد ایلکس ہیلز نے شاندار بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا تاہم 46 رنز بناکر عمر گل کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔

اختتامی اوورز میں حسین طلعت (36)، آصف علی (17) اور فہیم اشرف (13) کی جارحانہ بیٹنگ نے اسلام آباد کو 185 رنز تک پہنچا دیا۔

ملتان کی جانب سے عمر گل نے دو جبکہ عمران طاہر نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔شاندار اننگز کھیلنے پر لیوک رونکی کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

فتح کے نتیجے میں اسلام آباد کی ٹیم پلے آفس کے لیے کوالیفائی کرگئی ہے جبکہ ملتان اپنے تمام میچز کھیل چکی اور اس کا اگلے راؤنڈ میں جانے کا انحصار دیگر ٹیموں کے میچوں کے نتائج پر ہوگا۔

بدھ کو لاہور قلندرز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان میچ کھیلا جائے گا۔

جواب چھوڑ دیں

Please enter your comment!
Please enter your name here