آسٹریلوی اوپنرز کا پاکستان کیخلاف پُراعتماد آغاز، 100 کا ہندسہ عبور

Pakistan vs Australia live score updates
Pakistan vs Australia live score updates

:ٹاؤنٹن

 انگلینڈ میں کھیلے جارہے کرکٹ ورلڈ کپ کے 17ویں میچ میں آسٹریلیا کی پاکستان کے خلاف پُر اعتماد بیٹنگ جاری ہے اور بغیر کسی نقصان کے 17 اوورز میں 107 رنز بنالیے۔

ٹاؤنٹن  کے کاؤنٹی کرکٹ گراؤنڈ میں قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور کہا کہ پچ پر گھاس اور نمی کا فائدہ اٹھانے کی کوشش کریں گے۔

میچ کا باقاعدہ آغاز ہوا تو آسٹریلوی کپتان ایرون فنچ اور ڈیوڈ وارنر نے پراعتماد انداز میں اننگز کا آغاز کیا۔

دونوں بلے بازوں نے دباؤ میں آئے بغیر جارحانہ انداز اپنایا اور گراؤنڈ کے چاروں اطراف دلکش اسٹروکس کھیلتے ہوئے کریز پر موجود ہیں۔

قومی ٹیم میں ایک اور آسٹریلوی ٹیم میں 2 تبدیلیاں کی گئی ہیں، اسپنر شاداب خان کی جگہ فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی گرین شرٹس میں شامل ہیں، جب کہ انجری کے شکار مارکس اسٹوئنس اور ایڈم زمپا کی جگہ شان مارش اور کین رچرڈسن کو گیارہ رکنی آسٹریلوی ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے۔

ٹیم پاکستان کے ٹورنامنٹ کی سب سے مضبوط ٹیم انگلینڈ کو زیر کرنے کے بعد حوصلے بلند ہیں، بیٹسمین فارم میں ہیں بولرز بھی ردھم حاصل کرچکے ہیں۔

قومی ٹیم امام الحق، فخر زمان، بابر اعظم، محمد حفیظ، کپتان سرفراز احمد، شعیب ملک، آصف علی، وہاب ریاض، حسن علی، شاہین شاہ آفریدی اور محمد عامر پر مشتمل ہے۔

آسٹریلوی ٹیم میں ڈیوڈ وارنر، کپتان ایرون فنچ، عثمان خواجہ، اسٹیون اسمتھ، شان مارش، گلین میکسویل، الیکس کیری، نیتھن کولٹر نیل، پیٹ کمنس، مچل اسٹارک اور کین رچرڈسن شامل ہیں۔

میگا ایونٹ میں دونوں ٹیمیں اب تک 9 بار آمنے سامنے آئی ہیں اور آسٹریلوی ٹیم کا پلڑا بھاری رہا ہے، گرین شرٹس نے 4 اور کینگروز نے 5 میچز میں کامیابی سمیٹی۔

گزشتہ روز کی بارش کے بعد ٹاؤنٹن میں موسم خشک اور سرد ہے جب کہ شہر میں ہوائیں چل رہی ہیں اور درجہ حرارت 9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

پوائنٹس ٹیبل پر نظر ڈالیں تو آسٹریلوی ٹیم 4 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے جبکہ پاکستان 3 پوائنٹس کے ساتھ آٹھویں نمبر پر موجود ہے۔

جواب چھوڑ دیں

Please enter your comment!
Please enter your name here