نقیب محسود قتل معاملہ؛ ایس ایس پی راؤ انوار انکوائری کمیٹی کے سامنے پیش

Naqib Mehsud murder case, SSP Rao Anwar appears in inquiry committee
Naqib Mehsud murder case, SSP Rao Anwar appears in inquiry committee

:کراچی

ایس ایس پی ملیر راؤ انوار مبینہ پولیس مقابلے میں مارے گئے نوجوان نقیب محسود سے متعلق تحقیقاتی کمیٹی کے سامنے پیش ہوگئے ہیں۔

نجی نیوز چینل کے مطابق آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے نقیب محسود کی گھر سے حراست اور پولیس مقابلے میں ہلاکت کے معاملے پر  پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور صوبائی وزیر داخلہ سہیل انور سیال کے نوٹس کے بعد ایڈیشنل آئی جی ثناء اللہ عباسی، ڈی آئی جی شرقی سلطان خواجہ اور ڈی آئی جی جنوبی آزاد خان پر مشتمل تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دی تھی، جس نے کام شروع کردیا ہے۔ ایس ایس پی ملیر راؤ انوار کمیٹی کے سامنے پیش ہوگئے۔

ڈی آئی جی کراچی شرقی سلطان خواجہ کا کہنا ہے کہ نقیب محسود کے حوالے سے مکمل تفتیش کی جائے گی، ایس ایس پی راؤ انوار کو انکوائری کے لیے طلب کیا گیا تھا، نقیب کے اہل خانہ کو بھی بیان ریکارڈ کرانے کے لیے پیغام دے دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کھلی تحقیقات ہے، اس لئے کوئی بھی بیان ریکارڈ کراسکتا ہے۔

واضح رہے کہ ایس ایس پی ملیر نے گزشتہ ہفتے ایک مبینہ مقابلے میں چند دہشت گردوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا تھا جس میں سے ایک کی شناخت نسیم اللہ عرف نقیب اللہ محسود کے نام سے کی گئی تھی، نقیب کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ اسے گھر سے حراست لینے کے بعد ماورائے عدالت قتل کیا گیا۔

دوسری جانب ایس ایس پی ملیر راؤ انوار کا دعویٰ ہے کہ نسیم اللہ عرف نقیب اللہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان کا کارندہ تھا، وہ وزیرستان کا رہائشی اور کراچی سہراب گوٹھ کے قریب اپنا نام بدل کر رہ رہا تھا، اس کے خلاف 2014 میں سچل تھانے میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ سوشل میڈیا پر ٹرینڈ چلنے کے بعد تحریک انصاف نے سندھ اسمبلی میں اس حوالے سے قرارداد بھی جمع کرائی ہے۔

راؤ انوار کا کہنا ہے کہ نقیب محسود جرائم میں ملوث تھا ، ہمارے پاس اس کے خلاف ثبوت موجود تھے اور اگر وہ بے گناہ تھا تو اس کے گھر والوں نے متعلقہ تھانے میں گمشدگی کی اطلاع کیوں نہیں دی۔  درحقیقت پی ٹی آئی رہنما حلیم عادل شیخ کے خلاف دو مقدمات درج کیے گئے تھے، جس کے بعد تحریک انصاف کی جانب سے ان کے خلاف سوشل میڈیا پر مہم چلائی گئی۔

جواب چھوڑ دیں

Please enter your comment!
Please enter your name here