نانا پاٹیکر نے تنوشری دتہ کی جانب سے جنسی ہراساں کرنے کا الزام مسترد کردیا

Nana Patekar responds to Tanushree Dutta's sexual harassment allegations
Nana Patekar responds to Tanushree Dutta's sexual harassment allegations

بالی وڈ اداکار نانا پاٹیکر نے اداکارہ تنوشری دتہ کی جانب سے فلم کی شوٹنگ کے دوران جنسی ہراساں کیے جانے کے الزام کو یکسر مسترد کردیا۔

بھارتی نیوز ویب سائٹ ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق نانا پاٹیکر سے جب تنوشری دتہ کے الزامات کے حوالے سے سوال کیا گیا تو انہوں نے قہقہہ لگاتے ہوئے کہا کہ ’ان کے مطابق جنسی ہراسانی کیا ہے؟ ہم سب سیٹ پر موجود تھے، جہاں 200 افراد ہمارے سامنے تھے‘۔

نانا پاٹیکر سے پوچھا گیا کہ کیا وہ اداکارہ کے الزام پر کوئی قانونی ایکشن کریں گے؟

جس پر نانا پاٹیکر نے جواب دیا، ’ میں دیکھوں گا کہ کیا کیا جاسکتا ہے، میڈیا سے اس بارے میں بات کرنا غلط ہے، کیونکہ کچھ بھی شائع ہوجاتا ہے۔‘

اداکار کا مزید کہنا تھا کہ ‘جسے جو کہنا ہے، کہتا رہے میں وہی جاری رکھوں گا جو میں کرتا رہتا ہوں‘۔

واضح رہے کہ حال ہی میں تنوشری دتہ نے بھارتی میڈیا کو ایک انٹرویو دیتے ہوئے نانا پاٹیکر پر 2008 میں ایک فلم کی شوٹنگ کے دوران جنسی ہراساں کیے جانے کا الزام عائد کیا تھا۔

ان کا کہنا تھا، ’میں نام لے کر بتانا چاہتی ہوں کہ نانا پاٹیکر فلم کی شوٹنگ کے پہلے ہی دن میرے ساتھ غلط طرح سے پیش آئے تھے، یہاں تک کہ میرے سولو گانے کی شوٹنگ کے وقت بھی انہوں نے ساتھ ڈانس کرنے کی شرط رکھی‘۔

تنوشری دتہ نے انٹرویو کے دوران بتایا کہ نانا پاٹیکر نے زور زبردستی کرکے ان کے ساتھ ڈانس کیا جس کی شکایت انہوں نے فلم کے پروڈیوسر اور ڈائریکٹر سے بھی کی لیکن دونوں نے کان نہیں دھرے۔

اداکارہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ نانا پاٹیکر دیگر اداکاراؤں کو بھی ہراساں کر چکے ہیں اور ان کے ساتھ غیر اخلاقی طریقے سے بھی پیش آچکے ہیں۔

جواب چھوڑ دیں

Please enter your comment!
Please enter your name here