ملک کے مختلف شہروں میں موسلا دھار بارش، راولپنڈی میں رین ایمرجنسی نافذ

Heavy rain lashes Islamabad, Rawalpindi
Heavy rain lashes Islamabad, Rawalpindi

:راولپنڈی

ملک کے مختلف شہروں میں مون سون سیزن کے دوران موسلا دھار بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جبکہ راولپنڈی میں رین ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔

راولپنڈی میں گزشتہ رات 206 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد شہر میں رین ایمرجنسی نافذ ہے۔ وقفے وقفے سے ہونے والی بارش کے باعث گھروں میں پانی داخل ہوگیا ہے اور کئی نشیبی علاقے زیر آب آگئے ہیں۔

واسا کی ٹیمیں نشیبی علاقوں سے پانی نکالنے میں مصروف ہیں۔

ایم ڈی واسا راجہ شوکت کا کہنا ہے کہ نالہ لئی میں پانی کی سطح 15 فٹ تک بلند ہونے کے بعد اب بتدریج کم ہورہی ہے جب کہ گوالمنڈی کے مقام پر پانی کی سطح کم ہو کر ساڑھے 6 فٹ ہو گئی ہے۔

دوسری جانب راول ڈیم میں پانی کی سطح 1749 فٹ تک پہنچنے پر اسپل ویز کھولنے کا فیصلہ کیا گیا، واضح رہے کہ ڈیم میں پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش 1752 فٹ ہے۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے مزید بارشوں کی پیش گوئی کے بعد علاقے میں رین الرٹ برقرار ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد اور راولپنڈی میں آج وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہے گا۔ دن کے اوقات میں بارش کا سلسلہ تھمنے کا امکان ہے جب کہ شام اور رات میں بارش کا سلسلہ زور پکڑے گا۔

ملک کے دیگر حصوں میں بارش

مون سون کی بارشوں کا سلسلہ ملک کے مختلف حصوں میں جاری ہے اور گزشتہ 12 گھنٹوں کے دوران اسلام آباد میں 168 ملی میٹر، مری میں 60 ملی میٹر، جہلم میں 48 اور بالا کوٹ میں 80 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

دوسری جانب کوٹلی میں 102 ملی میٹر، مظفر آباد میں 80 اور سیالکوٹ میں 97 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ندی نالوں میں طغیانی اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلایئڈنگ کے خدشات موجود ہیں۔

علاوہ ازیں محکمہ موسمیات نے کراچی میں بھی آج کہیں کہیں ہلکی بارش اور بعض مقامات پر بونداباندی کا امکان ظاہر کیا ہے۔

جواب چھوڑ دیں

Please enter your comment!
Please enter your name here