حدیبیہ پیپر ملز ریفرنس: سپریم کورٹ نے نیب کی التوا کی درخواست مسترد کردی

Supreme court of Pakistan
Supreme court of Pakistan

:اسلام آباد

سپریم کورٹ نے حدیبیہ پیپر ملز ریفرنس کی سماعت کے دوران نیب کی التوا کی اپیل کی درخواست مسترد کردی۔

جسٹس مشیر عالم کی سربراہی میں جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اور جسٹس مظہر عالم خان پر مشتمل سپریم کورٹ کے 3 رکنی بینچ نے حدیبیہ پیپر ملز ریفرنس کی سماعت کی۔

اس موقع پر نیب کے وکیل نے کہا کہ نیب پراسیکیوٹر کا عہدہ خالی ہے اس لئے مناسب ہوگا کہ اس اہم مقدمے میں پراسیکیوٹر خود پیش ہوں۔

خیال رہے کہ گزشتہ سماعت پر نیب نے سماعت میں التوا کی درخواست کی تھی۔

جسٹس مشیر عالم نے ریمارکس دیے کہ پراسیکیوٹر نیب کا عہدہ خالی ہونا کیس کے التوا کی کوئی بنیاد نہیں اور پراسیکیوٹر کی تقرری سے ہمارا کوئی تعلق نہیں، کیس ملتوی نہیں ہوگا۔

جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا کہ عدالت کا مذاق نہ اُڑائیں، ہمارے لیے ہر کیس ہائی پروفائل ہے،کیوں نہ آپ کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کریں۔

جسٹس قاضی فائز نے نیب کے وکیل سے استفسار کیا کہ التوا کی درخواست کی ہدایت کس نے دی جس پر وکیل نے بتایا کہ التوا کی درخواست کا فیصلہ چیرمین نیب کی سربراہی میں اجلاس میں ہوا۔

جس پر جسٹس فائز عیسیٰ نے کہا کہ تو پھر کیوں نہ ہم چیرمین نیب کو بلا لیں جس پر وکیل نے کہا کہ پراسیکیوٹر نیب کی سمری بھیجی جا چکی ہے جو جلد منظور ہوجائے گی۔

عدالت نے نیب کے وکیل کے دلائل کے بعد کیس ملتوی کرنے کی استدعا مسترد کردی۔

جواب چھوڑ دیں

Please enter your comment!
Please enter your name here