لوگوں کا فیصلہ چلے گا بند کمروں کا نہیں، سعد رفیق

khawaja saad rafique
khawaja saad rafique

وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے کہ لوگوں کے ووٹوں سے منتخب پارلیمان بنے گی اور اب لوگوں کا فیصلہ چلے گا بند کمروں کا نہیں۔

لاہور میں والد کی برسی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ پاکستان کےاقتدار اور پالیسی میکنگ پر آمرانہ اور جاگیردارانہ سوچ کا قبضہ ہوا جس کی بدولت ہم آج تک جمہوریت کے حقیقی مقاصد حاصل نہیں کرسکے۔

انہوں نے کہا کہ یہ حقیقت ہے کہ پاکستان کو بین الاقوامی چیلنجز کا سامنا ہے اور یہ چیلنجز اتنے بڑے ہیں کہ کوئی جماعت، حکومت یا ادارہ مقابلہ نہیں کرسکتا اسی لیے اداروں میں رسہ کشی سے پاکستان کے دشمن فائدہ اُٹھانے کی کوشش کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ آرمی چیف نے ڈنکے کی چوٹ پر جمہوریت کی حمایت کی اسے سراہا جانا چاہیے اور سینیٹ میں ان کا خطاب بہت بڑی بات ہے۔

وفاقی وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ قابل اور فاضل جج صاحبان کا احترام کرتے ہیں اور مسلم لیگ (ن) عدلیہ سے ٹکراؤ نہیں چاہتی اور نہ ٹکراؤ ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی قیادت میں ہی الیکشن میں جائیں گے اور لوگوں کے ووٹوں سے منتخب پارلیمان بنے گی لیکن اب لوگوں کا فیصلہ چلے گا بند کمروں کا نہیں۔

خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کے استعفے دینے والے بعض ارکان کا ختم نبوت کے معاملے سے کوئی تعلق نہیں، سیاسی جماعتوں میں جمہوری رویوں کو فروغ دینا چاہیے۔

وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ دھرنے دینا، سڑکیں بند کرنا بہادری نہیں بلکہ بہادری قانون کا راستہ اپنانے میں ہے اور طاہر القادری کو عدالتی نظام پر یقین ہے تو انہیں اپنا کیس عدالت میں لڑنا چاہیے۔

جواب چھوڑ دیں

Please enter your comment!
Please enter your name here