پاکستان اور آئی ایم ایف وفد کے درمیان پہلے روز کے مذاکرات مکمل

Day-one talks between Pakistani, IMF officials conclude in Islamabad: sources
Day-one talks between Pakistani, IMF officials conclude in Islamabad: sources

:اسلام آباد

پاکستان اور عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) وفد کے درمیان پہلے روز کے مذاکرات مکمل ہوگئے، بات چیت کا یہ سلسلہ ایک ہفتے تک چلے گا۔

پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان مذاکرات اسلام آباد میں شروع ہوگئے ہیں جس کے دوران پاکستان کی معیشت کو درپیش چیلنجوں کا جائزہ لیا جائے گا۔

اس سلسلے میں آئی ایم ایف کا وفد اسلام آباد پہنچا ہے، جو ایک ہفتے تک پاکستان میں قیام کرے گا۔

وزارت خزانہ کے ذرائع کے مطابق پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان مذاکرات میں آئی ایم ایف مشن کی سربراہی ہیرالڈ فنگر کررہے ہیں جبکہ پاکستانی وفد میں سیکریٹری خزانہ، گورنر اسٹیٹ بینک، سیکریٹری اقتصادی امور شامل ہیں۔

آئندہ ایک ہفتے کے دوران آئی ایم ایف وفد کی خزانہ، تجارت، توانائی، پیٹرولیم، سرمایہ کاری اور ایف بی آر حکام سے مذاکرات ہوں گے۔

واضح رہے کہ پاکستان کو رواں سال 8 ارب ڈالر کی مالی معاونت درکار ہے، تاہم پاکستان نے تاحال آئی ایم ایف سے بیل آؤٹ پیکج کی درخواست نہیں کی۔

گزشتہ دنوں وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر نے عرب نیوز کو دیئے گئے انٹرویو میں کہا تھا کہ پاکستان کو ایسی کسی ایمرجنسی کا سامنا نہیں کہ اسے بیل آؤٹ پیکج کے لیے آئی ایم ایف کا دروازہ کھٹکھٹانا پڑے۔

ان کا کہنا تھا، ‘ہم نے درآمدات نہیں روکیں اور نہ ہی مالیاتی پابندیاں لگائی ہیں’۔

تاہم وزیر خزانہ نے اس بات پر زور دیا کہ ہمیں بہتر فیصلے کرنے کی ضرورت ہے اور جلدبازی یا ایمرجنسی میں فیصلے نہیں کرنے چاہئیں۔

27 ستمبر کو آئی ایم ایف اسٹاف مشن کے شیڈول دورہ پاکستان کے حوالے سے اسد عمر نے کہا، ‘ہم ان کے ساتھ بات چیت کر رہے ہیں، لیکن یہ بات چیت قرض کے لیے نہیں ہے، ہمارا مقصد یہ ہے کہ اگر کسی مرحلے پر ہم اُن سے رابطہ کریں تو اس سے پہلے ہم اپنا ہوم ورک کرلیں’۔

جواب چھوڑ دیں

Please enter your comment!
Please enter your name here