بھارت نے یکطرفہ مقابلے کے بعد پاکستان کو شکست دیدی

Asia Cup 2018: India outclass Pakistan by eight wickets
Asia Cup 2018: India outclass Pakistan by eight wickets

:دبئی

ایشیا کپ کے اہم میچ میں بھارت نے پاکستان کو 8 وکٹوں سے شکست دیدی۔

دبئی انٹرنیشنل اسیٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان کی پوری ٹیم 162 رنز پر آؤٹ ہو گئی تھی۔

پاکستان کی جانب سے دیے گئے ہدف کے تعاقب میں بھارتی اوپنرز نے ٹیم کو شاندار آغاز فراہم کیا اور 86 کے مجموعی اسکور پر روہت شرما 52 رنز بنا کر شاداب خان کی گیند پر بولڈ ہوئے۔

بھارت کو دوسرا نقصان 104 رنز پر ہوا جب شیکر دھون 46 رنز بنا کر فہیم اشرف کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔

دو وکٹیں گرنے کے بعد دنیش کارتک اور امباتی رائیڈو محتاط انداز سے کھیلتے ہوئے اپنی ٹیم کو فتح کی جانب لے گئے اور 162 رنز کا ہدف 29 اوور میں پورا کر لیا۔ دنیش کارتک اور امباتی رائیڈو نے 31، 31 رنز اسکور کئے اور ناقابل شکست رہے۔

قبل ازیں پاکستان کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو سود مند ثابت نہ ہوا۔

پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز ہانگ کانگ کے خلاف ففٹی اسکور کرنے والے امام الحق اور فخر زمان نے کیا لیکن تیسرے ہی اوور میں امام الحق دو رنز بنا کر بھونیشور کمار کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ ہو گئے۔

بھونیشور کمار نے پانچویں اوور میں پاکستان کے دوسرے اوپنر فخر زمان کو بھی کیچ آؤٹ کرا دیا، فخر زمان 9 گیندوں کا سامنا کرنے کے باوجود اپنا کھاتا بھی نہ کھول سکے۔

دونوں اوپنرز کے جلد آؤٹ ہونے کے بعد بابر اعظم اور شعیب ملک نے بہترین بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو سنبھالا اور پاکستان کا اسکور 85 رنز تک پہنچایا۔

سینتالیس کے انفرادی اسکور پر بابر اعظم کلدیپ یادیو کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے۔

بابراعظم کے آؤٹ ہونے کے بعد کپتان سرفراز احمد وکٹ پر آئے تاہم جلد بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے وہ چھکا لگانے کی کوشش میں باؤنڈری پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔ متبادل فیلڈر منیش پانڈے نے ان کا شاندار کیچ پکڑا اور 6 رنز پر ان کی اننگز کا خاتمہ کر دیا۔

سو کے مجموعی اسکور پر شعیب ملک بھی 43 رنز بنا کر رن آؤٹ ہو گئے جب کہ آصف علی بھی 9 رنز بنا کر کیدار جادھو کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ ہو گئے۔

شاداب خان بھی 121 کے مجموعی اسکور پر کیدار جادھو کی گیند پر چھکا لگانے کی کوشش میں اسٹمپڈ آؤٹ ہوئے، انہوں نے 8 رنز کی اننگز کھیلی۔

فہیم اشرف 22 رنز بنانے کے بعد 157 کے مجموعی اسکور پر جسپریت بھمراہ کی گیند پر شیکر دھون کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

پاکستان کی نویں وکٹ حسن علی کی صورت میں گری جب وہ ایک رن بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے۔ آخری آؤٹ ہونے والے کھلاڑی عثمان شنواری تھے جو بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔

بھارت کی جانب سے بھونیشوار کمار اور کیدار جادھو نے 3، 3، جسپریت بھمراہ نے دو اور کلدیپ یادیو نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

گزشتہ روز کھیلے گئے میچ میں بھارت نے ہانگ کانگ کو 26 رنز سے شکست دی تاہم ہانگ کانگ کی جانب سے پہلی وکٹ پر 174 رنز کی شراکت نے مخالف ٹیم پر شدید دباؤ ڈالا۔

جواب چھوڑ دیں

Please enter your comment!
Please enter your name here