پاکستان کی ترقی کے لیے کام کرنے پر مجھے نکالا گیا، نواز شریف

Nawazsharif
Nawazsharif

:شیخوپورہ

سابق وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے اور دن رات کام کرنے پر انہیں نکالا گیا لیکن اب ووٹ کے تقدس کے لئے عوام کو کچھ کرنا پڑے گا۔

شیخوپورہ کے کمپنی گراؤنڈ میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ عوام نے مجھے 5 سال کے لیے منتخب کیا، یہ نہیں ہوسکتا کہ 20 کروڑ عوام وزیراعظم منتخب کریں اور چند لوگ فارغ کردیں۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ 70 سال سے جو اس ملک کے ساتھ ہوتا آرہا ہے وہ آئندہ نہیں ہونے دیں گے، عوام نواز شریف کے ساتھ قدم سے قدم ملا کر چلیں گے۔

نواز شریف نے کہا کہ یہاں سب دشمن بنے ہوئے ہیں اور وہ انتقام لینا چاہتے ہیں، اگر مشکل وقت آتا ہے تو نواز شریف گھبرانے والا نہیں، عوام کا دامن نہیں چھوڑوں گا اور عوام کے ساتھ ملکر پاکستان کی قسمت بدلیں گے۔

انہوں نے کہا کہ مجھے پانچ سال پورے کرنے نہیں دیے گئے، نواز شریف کو گرفتار کیا گیا، اٹک کے قلعہ میں بند کرنے کے علاوہ ملک بدر کیا گیا، کیا عوام کو اس کی وجہ سمجھ آتی ہے، لیکن مجھے سمجھ آتی ہے۔

نواز شریف کا کہنا تھا کہ ملک کا سب سے چھوٹا نوٹ 10 روپے کا ہے اور اگر کوئی  ثابت کر دے کہ میں نے 10 روپے کی بھی رشوت لی ہے تو میں ساری عمر کے لیے ریٹائر ہوجاؤں گا۔

انہوں نے کہا کہ یہ لاڈلے اور پیپلز پارٹی سے پوچھیں کہ انہوں نے کون سا بڑا منصوبہ شروع یا مکمل کیا، لوڈشیڈنگ اور دہشتگردی کا خاتمہ اور کراچی میں امن کس نے قائم کیا؟

سابق وزیراعظم نے کہا کہ پیپلز پارٹی والوں نے ملک کو اندھیرے میں غرق کیا، پشاور میں سڑکیں ٹوٹی پھوٹیں ہیں اور کراچی کا بھی یہی حال ہے۔

نواز شریف نے کہا کہ امپائر کی انگلی کہنے والوں کو خدا حافظ کہنے کا وقت آگیا اور 2018 کے انتخابات میں امپائروں کی انگلیوں والوں کے ڈبے خالی رہیں گے، جو ووٹ مسلم لیگ (ن) کے بکسے میں نہیں جائے گا وہ عوام کے ووٹ کے تقدس کے خلاف جائے گا۔

جلسے کا پنڈال دو گراؤنڈز میں بنایا گیا ہے جب کہ شہر کی سڑکوں پر سابق وزیراعظم نواز شریف اور مریم نواز کے خیر مقدمی بینرز  بھی آویزاں کیے گئے ہیں۔

ہمارا نظام عدل ہر اس شخص کا مقروض ہے جس نے ووٹ ڈالا، مریم نواز

مریم نواز نے اپنے خطاب کے دوران کہا کہ ہمارا نظام عدل ہر اس شخص کا مقروض ہے جس نے ووٹ ڈالا، نواز شریف کے ساتھ ہونے والے مظالم کے قرض کون چکائے گا۔

سابق وزیراعظم کی صاحبزادی نے کہا کہ کیا پاکستان کا اسی طرح تماشا بنتا رہے گا، کیا اس ناانصافی کے خلاف آپ کچھ کریں گے، نواز شریف کو گالی دینے والے منصفوں نے ہی ان کا فیصلہ سنانا ہوگا، نواز شریف کو عوام کی محبت اور عشق کی سزا ملتی ہے۔

مریم نواز نے مزید کہا کہ مائنس نواز شریف کے فارمولے پر کام کرنے والوں کو ناکامی ہوئی، نواز شریف کو بدلے میں عوام کی محبت اور عشق ملا اور وہ وقت آرہا ہے جب آئینی اور قانونی جے آئی ٹی بنے گی۔

مریم نواز کی تاج پوشی

سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کے لئے انجمن تاجران شیخوپورہ کی جانب سے  تاج پوشی بھی کی گئی اور پانچ تولہ سونے کا خصوصی تاج انہیں پیش کیا۔

ڈی پی او شیخوپورہ کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے جلسے کی سیکیورٹی کے لئے پولیس کے 1800 اہلکار تعینات ہیں جن میں 1500 اہلکار جلسہ گاہ اور اطراف جب کہ 300 اہلکار مختلف راستوں پر تعینات کیے گئے ہیں۔

جواب چھوڑ دیں

Please enter your comment!
Please enter your name here